Faisal Maqsood
YouTube TikTok Twitter Snapchat Facebook Page Political WhatsApp
Latest Posts

Monday, June 8, 2026

بدنسلے سے وفاداری کی توقع رکھنا بھی حماقت ہے۔

"بدنسلے سے وفاداری کی توقع رکھنا بھی حماقت ہے۔"
تحریر: فیصل مقصود

زندگی کا ایک کڑوا مگر ناقابلِ تردید حقیقت یہی ہے کہ ہر شخص دوستی، خلوص اور اعتماد کے قابل نہیں ہوتا۔ بعض لوگ ضرورت کے وقت انتہائی مخلص، ہمدرد اور خیر خواہ نظر آتے ہیں، مگر جیسے ہی ان کی ضرورت پوری ہو جاتی ہے، وہ نہ صرف احسان فراموش ہو جاتے ہیں بلکہ احسان کرنے والے کے خلاف زبان درازی سے بھی گریز نہیں کرتے۔

اصل کردار اس وقت سامنے آتا ہے جب انسان پر بھروسہ کیا جائے، اس کی مشکل میں اس کا ساتھ دیا جائے اور اپنی استطاعت سے بڑھ کر اس کی مدد کی جائے۔ باکردار لوگ ایسے احسان کو عمر بھر یاد رکھتے ہیں، جبکہ کم ظرف لوگ اسی احسان کو اپنی چالاکی سمجھ کر فخر محسوس کرتے ہیں۔

مالی نقصان وقتی ہوتا ہے، مگر لوگوں کی پہچان مستقل سرمایہ بن جاتی ہے۔ اگر کوئی شخص آپ کے اعتماد، خلوص اور مدد کا صلہ دھوکے، جھوٹ اور بہتان سے دے تو افسوس اس کے کردار پر ہونا چاہیے، اپنے اچھے عمل پر نہیں۔ کیونکہ عزت دار لوگ احسان کا بدلہ شکرگزاری سے دیتے ہیں اور بے ضمیر لوگ احسان کرنے والے کو ہی قصوروار ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

یاد رکھیں! وقت خاموش ضرور رہتا ہے مگر اندھا نہیں ہوتا۔ آج جو شخص سچ کو جھٹلا رہا ہے، کل اسی سچ کا سامنا کرنے پر مجبور ہوگا۔ انسان دوسروں کی نظروں سے تو بچ سکتا ہے، مگر اپنے ضمیر، اپنے اعمال اور قدرت کے انصاف سے نہیں بچ سکتا۔

اس لیے کسی کے دھوکے پر دل گرفتہ ہونے کے بجائے اسے ایک سبق سمجھیں۔ ہر کسی پر اعتبار نہ کریں، مگر اپنی شرافت اور اچھے اخلاق بھی نہ چھوڑیں۔ کیونکہ دھوکہ دینے والا اپنا وقار کھوتا ہے، جبکہ دھوکہ کھانے والا صرف ایک غلط شخص پر اعتماد کرنے کی قیمت ادا کرتا ہے۔آخر میں ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں:

"احسان فراموش انسان سے حساب لینے کی ضرورت نہیں پڑتی، وقت خود اس سے پورا حساب لے لیتا ہے۔"

No comments:

Post a Comment

WhatsApp